جعفر ایکسپریس پر حملے میں ملوث تمام دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے: عطاء تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل سے جعفر ایکسپریس پر حملے میں ملوث تمام دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس آپریشن میں 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ چار ایف سی کے جوان شہید ہوئے۔

دہشت گردوں نے مسافروں کو انسانی ڈھال بنایا: عطا تارڑ

عطا تارڑ نے انکشاف کیا کہ دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو انسانی ڈھال بنایا ہوا تھا تاکہ سیکیورٹی فورسز کو روکا جا سکے، مگر فورسز نے نہایت حکمت اور مہارت کے ساتھ آپریشن مکمل کیا اور مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرایا۔

بی ایل اے، بھارتی میڈیا اور پی ٹی آئی کے بیانیے کی شکست

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد بی ایل اے، بھارتی میڈیا اور پی ٹی آئی کے جھوٹے بیانیے کو شکست ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے اس واقعے پر شدید پروپیگنڈا کیا اور ملک دشمن قوتوں کے بیانیے کو آگے بڑھایا۔

دہشت گردی کا مکمل خاتمہ عزم: عطا تارڑ

عطا تارڑ نے اعلان کیا کہ “دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارا بنائیں گے”۔ انہوں نے کہا کہ بی ایل اے جیسے دہشت گردوں کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔

وزیراعظم کا بلوچستان کا دورہ، سانحے سے بچاؤ پر شکر

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کل بلوچستان کا دورہ کریں گے تاکہ موقع کا جائزہ لیں اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کریں۔ عطا تارڑ نے کہا کہ “ہم ایک بڑے سانحے سے بچ گئے، جعفر ایکسپریس میں 440 مسافر سوار تھے”۔

بھارتی میڈیا اور سیاسی عناصر کی مذمت

عطا تارڑ نے کہا کہ بھارتی میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی نے اس واقعے پر ایک جیسا بیانیہ اپنایا جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی عناصر نے اس المناک واقعے پر بھی اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کی جو قومی مفاد کے خلاف ہے۔

آپریشن کے دوران مسافروں کا بحفاظت بازیاب ہونا معجزہ قرار

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ “آپریشن کے دوران ایک بھی مسافر کی شہادت نہ ہونا کسی معجزے سے کم نہیں”۔ انہوں نے کہا کہ “جن لوگوں نے اس معاملے پر سیاست کی، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور تحریک انصاف کو اس جھوٹے بیانیے پر شرمسار ہونا چاہیے”۔

Comments are closed.