آپریشن “بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص” — افواجِ پاکستان کا بھارت کو منہ توڑ جواب، دنیا نے عسکری صلاحیت کا اعتراف کر لیا
بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان نے آپریشن “بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص” کے ذریعے ایک ایسا فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دیا ہے جس کی گونج نہ صرف سرحد پار سنائی دی بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی عسکری صلاحیت، عزم اور قومی وحدت کو تسلیم کیا گیا۔ افواجِ پاکستان نے اپنی بھرپور دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو ہر محاذ پر پسپائی پر مجبور کیا۔
یہ آپریشن نہ صرف عسکری کامیابی تھا بلکہ قوم سے کیے گئے اس وعدے کی عملی تکمیل تھا جس میں واضح کیا گیا تھا کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ الحمدللہ، افواجِ پاکستان نے جو کہا وہ کر کے دکھایا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر قرآن پاک کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ کی نصرت سے ممکن ہوا کہ ایک چھوٹی سی طاقت نے بڑی طاقت کو شکست دی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ افواجِ پاکستان اور قوم ہر جارحیت کے خلاف ایک سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمارے پاس مکمل اور موثر دفاعی صلاحیت موجود ہے۔ 13 لاکھ بھارتی فوج اپنے جدید ہتھیاروں سمیت ہمیں نہ کبھی مرعوب کر سکی ہے اور نہ ہی آئندہ کر سکے گی۔ ہم نے اس ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں اور اسے بچانے کا ہنر بھی جانتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے واضح کیا کہ پاکستان ایک خوددار اور بہادر قوم ہے، جو بھارت کی طاقت، چالاکی اور جارحیت سے مرعوب نہیں ہوتی۔ انہوں نے بھارتی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، “اب ہمارے جواب کا انتظار کرو۔”
دفاعی ماہرین نے بھی اس کامیاب آپریشن کو پاکستان کی عسکری حکمتِ عملی، جذبہ شہادت اور قومی اتحاد کا عملی مظاہرہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دنیا نے کھلی آنکھوں سے دیکھا کہ افواجِ پاکستان نے بھارتی جارحیت پر کس طرح فیصلہ کن حملہ کر کے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
یہ پیغام دنیا بھر کے لیے واضح ہے کہ پاکستان کی خودمختاری، عزت اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اور دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
Comments are closed.