پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خیبرپختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں سے امریکی اور نیٹو افواج کا استعمال شدہ جدید اسلحہ، بارودی مواد اور نائٹ وژن آلات برآمد کرلیے، جو بعد ازاں میڈیا کے سامنے بھی پیش کیے گئے۔
فورسز کی کارروائیاں
سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں۔ آپریشنز کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں امریکی اور نیٹو افواج کا جدید اسلحہ برآمد کیا گیا، جو افغانستان میں استعمال ہوا تھا اور اب پاکستان میں دہشتگرد سرگرمیوں میں استعمال کیا جارہا تھا۔
امریکی و نیٹو اسلحہ: کیا کیا برآمد ہوا؟
برآمد ہونے والے اسلحے میں شامل ہے:ایم 4 اور ایم 16 رائفلیں، دیگر خودکار جدید ہتھیار،نائٹ وژن گیگلز،اعلیٰ کوالٹی کا دھماکا خیز مواد،بارودی تاریں، امریکی فوج کی سٹیل ہیڈ گولیاں جو بلٹ پروف جیکٹس کو بھی پار کر سکتی ہیں ،سیکورٹی حکام کے مطابق یہ پورا اسلحہ دہشتگرد تنظیموں کی جانب سے ملک میں فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔
حملوں کی صلاحیت میں اضافہ
ذرائع نے بتایا کہ دہشتگرد افغانستان میں چھوڑی گئی امریکی و نیٹو ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے رات کے وقت بھی کارروائیاں کرسکتے تھے۔ خاص طور پر نائٹ وژن آلات اور بلند طاقت رکھنے والی گولیاں سیکیورٹی فورسز کے لیے شدید خطرہ بن سکتی تھیں۔
امریکی حکومت کی ملکیت
حکام نے مزید بتایا کہ برآمد کیے گئے اسلحے پر امریکی حکومت کی ملکیت کے نشانات واضح طور پر موجود ہیں۔ یہ اسلحہ امریکی اور نیٹو افواج کے افغانستان سے انخلا کے دوران پیچھے چھوڑا گیا، جسے بعد میں دہشتگرد گروہوں نے اپنے استعمال کے لیے حاصل کیا۔
پاکستان میں دہشتگردی اوربیرونی اسلحہ
ذرائع کے مطابق دہشتگرد گروہ اس اسلحے کو پاکستان میں فورسز اور حساس تنصیبات کے خلاف استعمال کرتے رہے ہیں۔ ایسے ہتھیاروں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ بیرونی عناصر کی ٹیکنالوجی اور ہتھیار پاکستان کے امن کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔
برآمد اسلحہ میڈیا کے سامنے پیش
تمام برآمد شدہ ہتھیار اور آلات میڈیا کو دکھائے گئے تاکہ واضح کیا جاسکے کہ دہشتگرد ملک میں کس قدر جدید اور خطرناک ٹیکنالوجی استعمال کر رہے تھے۔
Comments are closed.