ہمارا دھرنا جاری ہے،عمران خان نے کہا تھا دھرنا تب تک جاری رہے گا جب تک میں نہ کہہ دوں:علی امین گنڈاپور
مانسہرہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک پرامن پارٹی ہیں، ہم نے ملک میں قانون کی بالادستی،آئین کا تحفظ، حقیقی آزادی وجمہوریت کی بات کی، بدقسمتی سے پچھلے ڈھائی سال سے ہماری پارٹی کے ساتھ جبر اور ظلم کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر جعلی پرچے کاٹے گئے،مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہمارا لیڈر آج ناجائز جیل میں ہے، ہمارے ووٹر تک کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ہم اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں ہمیں پرامن احتجاج کی اجازت نہیں ملتی ۔
علی امین نے کہا کہ ایک ظالمانہ رواج اور روایت ڈالی گئی جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، عدالت جاتے ہیں تو انصاف نہیں ملتا، ہمارے پاس ایک ہی چوائس ہے ، ہمارے پاس چوائس یہی ہے کہ جلسے کی اجازت نہ ملنے پر خود احتجاج کریں ، یہ دھرنا بانی پی ٹی آئی کے اختیار میں ہے اور جاری ہے، پہلے بھی اسلام آباد میں جلسے کی بات کی تو ہم پر تشدد کیا گیا، یہ کال بانی پی ٹی آئی نے دی تھی، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا دھرنا تب تک جاری رہے گا جب تک میں نہ کہہ دوں، پورے پاکستان کو بتانا چاہتا ہوں ہمارا دھرنا جاری ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ضروری نہیں کہ دھرنے میں عوام ہو، انہوں نے لوگوں کو گولیاں ماریں، ہمارے سیکڑوں لوگوں کو گولیاں لگی ہوئی ہیں، ہمارے شہدا کا ڈیٹا ابھی آرہا ہے، جو ہمارے کارکن گرفتار ہیں ان کا ڈیٹا بھی آرہا ہے، ہم پرامن طریقے سے جارہے تھے، پہلا سوال ہے ہم پر گولیاں کیوں برسائی گئیں ؟ جب بھی پولیس یا فورس والا ہاتھ آیا تو اس کو چھڑوایا، ہمارے ہر گھر میں پولیس ،رینجرز،ایف سی اور فوج کا جوان ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ پچھلے کئی دنوں سے میں ایک نعرہ ماررہا ہوں،پی ٹی آئی ورکرز زندہ باد، پی ٹی آئی ورکرز نے ثابت کیا ہے، آپ جو جنگ لڑرہے ہیں یہ ہماری نسلوں کی جنگ ہے، آج بانی پی ٹی آئی جیل میں ہمارے لیے ہیں، بانی پی ٹی آئی ہماری حقیقی آزادی کیلئے قربانی دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ جب ایک وزیراعلیٰ ملک میں انصاف نہ لے سکے تو عوام کی کیا حیثیت ہے، اپنے ورکرز کو سلام پیش کرتا ہوں، جو گرفتار ہیں ان کے خاندانوں کے ساتھ ہم کھڑے ہیں، ہم گرفتار ورکرز کو رہا کرائیں گے۔
Comments are closed.