وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ ایک روز کے دوران ریکارڈ ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو انسداد کورونا ویکسین لگائی گئی، جس کے بعد پاکستان میں ویکسین لگوانے والوں کی مجموعی تعداد 27 لاکھ 66 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک بیان کے ذریعے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے بتایا کہ گزشتہ روز 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا پہلا روز تھا، اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1 لاکھ 64 ہزار168 افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کی گئی، جو ملکی تاریخ میں ایک دن کے اندر لگائی جانے والی ویکسین کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
دوسری جانب بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے لئے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں، بدھ کی رات سے ایئرپورٹس پر کورونا ریپڈ اینٹیجنٹ ٹیسٹ کا آغاز کر دیا جائے گا،جس کی رپورٹ 20 منٹ کے اندر اندر آ جائے گی، کورونا وائرس کی تشخیص ہونے پر بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کو ان کے خرچ پر نجی ہوٹل میں قرنطینہ کیا جائے۔ کم از کم آٹھ روز بعد دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا، رپورٹ منفی آنے پر گھر جانےکی اجازت ہوگی۔
Comments are closed.