ووٹ اور نمائندگی کے حقوق کیلئے تارکین وطن کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ

بیرون ممالک مقیم پاکستانی ووٹ اور انتخابات میں حق نمائندگی کے سڑکوں پر نکل آئے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر مظاہرے میں مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

تارکین وطن کو انتخابات میں نمائندگی اور ووٹ کا حق دینے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اوورسیز پاکستانیز کمیونٹی کے زیراہتمام مظاہرے میں سمندر پار پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ”ووٹ کو عزت دو۔۔ اوورسیز پاکستانیوں کو نمائندگی کا حق دو” جیسے نعرے درج تھے۔

چیئرمین پی او سی میاں طارق جاوید نے کہا کہ 2023 کے الیکشن میں ووٹ کا حق دیا جائے، ہمیں ووٹ کا حق نہ دیا گیا تو ہر ادارے کے باہر احتجاج کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لندن سے سیاسی جماعتیں چلائی جاسکتی ہیں لیکن ووٹ نہیں ڈالنے دیا جاتا۔

سپریم کورٹ نے سال 2016 میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ دیا تھا، الیکشن کمیشن پانچ سال میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کے حق کا میکنزم نہیں بنا سکا، الیکشن کمیشن اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا میکنزم بنائے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیزپاکستانیز ہرماہ خطیر رقم پاکستان بھجواتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق، سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نشستیں دی جائیں،ہمیں ووٹ کاحق نہ دیاگیا تو ہرادارے کے باہر احتجاج کریں گے،میاں  طارق جاوید کا مزید کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں اوورسیز پاکستانیوں نے 14 ارب ڈالر جمع کرائے۔

Comments are closed.