پاکستان اور افغانستان کے درمیان چمن بارڈر دو دن بند رہنے کے بعد آج کھول دیا گیا ہے، جس کے بعد ہزاروں افغان شہری اپنے ملک واپس جا چکے ہیں۔
خیال رہے کہ چمن سے متصل افغانستان کے اہم ضلع اسپن بولدک پر چودہ جولائی کو طالبان نے کنٹرول حاصل کرلیا تھا اور افغانستان کی طرف باب دوستی پر اپنے جھنڈے بھی لگادیئے تھے، جس کے بعد پاکستان کی جانب سے باب دوستی کو عارضی طور پر سیل کرکے سیکیورٹی کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔
لیویز حکام کے مطابق پاکستان میں پھنسے افغان شہریوں کی واپسی کے لیے چمن بارڈر پر باب دوستی کو دو روز کے بعد عارضی طور پر پیدل آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے، باب دوستی گیٹ صبح 8 سے10 بجے جب کہ شام 4 سے 6 بجے تک کھلا رہے گا۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں داخل ہونے والے افراد کیلئے بارڈر پرکورونا ٹیسٹ لازمی ہے، اور صرف قانونی دستاویزا ت رکھنے والے افراد کو سرحد کے آر پار جانے کی اجازت ہوگی، پاکستان کی جانب سے اس اقدام کے بعد اب تک ہزاروں افغان شہری اس سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے آبائی ملک میں داخل ہوچکے ہیں۔
سرحدی کراسنگ پوائنٹ کی بندش کے باعث افغانستان میں پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کی بڑی تعداد بھی بارڈر کھلنے کے بعد وطن واپس آئی ہے، عیدالاضحیٰ کے موقع پر دونوں ممالک کے شہریوں کی سہولت کے لئے بارڈر کھولا گیا ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔
Comments are closed.