امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کی یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارک باد

امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستان اور بیرون ممالک بالخصوص امریکہ میں بسنے والے پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارک دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ آج ہم سب مل کر عہد کریں کہ ہم  اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں گے اور پاکستان کو  اعلیٰ ترین منزلوں پر لے جائیں گے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ آج سے 77 برس پہلے پاکستان دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔ برصغیر میں مسلمانوں نے اپنی علیحدہ ریاست قائم کی۔ پاکستان کا وجود میں آنا  ایک  معجزہ  تھا۔ جو پاکستان بنتا نہیں دیکھنا چاہتے تھے انہوں نے شرطیں لگائی تھیں کہ اولاً یہ ملک بنے گا نہیں اور اگر بن بھی گیا تو قائم نہیں رہ سکے گا۔ الحمدللہ آج پاکستان قائم و دائم ہے اور ہم نے اپنے  سفر کے چھہتر سال  مکمل کر لئے ہیں۔

پاکستان میں اہلِ وطن اور امریکہ میں بسنے والے پاکستانیوں  کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ  قائدِاعظم کی ولولہ انگیز قیادت ، میں ہمارے آباءو اجداد نے پاکستان قائم کیا اور نسلوں نے اس ملک  کو مضبوط بنانے کے لئے قربانیاں دیں، آئیے آج ہم سب مل کر عہد کریں کہ ہم  اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں گے  اور پاکستان کو  اعلیٰ ترین منزلوں پر لے جائیں گے۔

سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ اقوامِ عالم میں پاکستان کا اہم مقام ہے اور ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ایک دن پاکستان دنیا کی بڑی معیشت بنے گا۔ آئیے ہم سب ملکر اس منزل کی جانب گامزن ہوں ۔ اس  سلسلے میں پاکستانی امریکیوں  کا  ایک  اہم کردار ہے۔ ہم ان کو مادرِ وطن کو  مضبوط بنانے کی کوششوں  پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان کے چوبیس کروڑ عوام کا  مستقبل روشن ہے۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ ہم ان شاء اللہ  کامیاب ہوں گے۔ خدا تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔

Comments are closed.