عیدالفطرکے موقع پر پاک، بھارت سرحدی محافظوں میں مٹھائیوں کا تبادلہ

عید کے موقع پر پاکستان اور بھارت کی سرحدی فورسز کے درمیان مختلف بارڈر پوائنٹس پر مٹھائی کا تبادلہ کیا گیا، دونوں ممالک کے سرحدی محافظوں نے ایک دوسرے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور مبارک باد پیش کی۔

پاکستان رینجرز پنجاب اور بارڈر سیکورٹی فورس انڈیا کے مقامی کمانڈرز نے لاہور، قصور، سیالکوٹ سمیت انٹرنیشنل بارڈر اور ورکنگ باؤنڈری کے مختلف مقامات پر ایک دوسرے کو عیدالفطر کے موقع پر مٹھائیاں پیش کیں، واہگہ بارڈر پر پاکستان رینجرز پنجاب اور بی ایس ایف انڈیا کے حکام کے مابین مٹھائی اور تحائف کا تبادلہ ہوا اور ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اوربھارت کے مابین 5 اگست 2019 سے تناؤ چل رہا ہے جس کی بنیادی وجہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا جانا ہے۔ تاہم اس کے باوجود دونوں ملکوں کی سرحدی فورسز ایک دوسرے کے مذہبی اورقومی تہواروں پر آپس میں مٹھائی کا تبادلہ کرتے ہیں۔

Comments are closed.