راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے راولپنڈی میں سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر جا کر سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔ انہوں نے شہید کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف نے پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ایئر بیس پر دشمن کے حملے کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے فرض شناسی اور بہادری کی مثال قائم کی۔ ان کی شہادت قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔
بعد ازاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دشمن کے حملے میں زخمی ہونے والے مسلح افواج کے جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی۔ انہیں زخمیوں کے علاج، سہولیات اور بحالی کے عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہے، اور ہر چیلنج کا بہادری سے سامنا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
Comments are closed.