پاک فضائیہ کا دستہ برطانیہ پہنچ گیا، جے ایف-17 تھنڈر اور سی-130 طیارے رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں شریک
اسلام آباد/لندن: پاکستان ایئر فورس کا ایک اعلیٰ تربیت یافتہ دستہ، جے ایف-17 تھنڈر بلاک 3 اور سی-130 ہرکولیس طیاروں پر مشتمل، دنیا کے سب سے بڑے ملٹری ایئر شو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں شرکت کے لیے برطانیہ پہنچ گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے کہ وہ اس عالمی سطح کے ایونٹ میں بھرپور نمائندگی کر رہا ہے۔
دورانِ پرواز ایندھن فراہمی کا عملی مظاہرہ
ترجمان کے مطابق، برطانیہ کے سفر کے دوران پاک فضائیہ کے ایئر ٹینکر کی مدد سے جے ایف-17 بلاک 3 طیاروں کو فضاء میں ایندھن فراہم کیا گیا۔ یہ مظاہرہ نہ صرف تکنیکی مہارت کا غماز تھا بلکہ پاک فضائیہ کی طویل فاصلے تک مؤثر آپریشنل صلاحیتوں اور فضائی و زمینی عملے کی بین الاقوامی سطح پر کارروائیوں کی صلاحیت کا ثبوت بھی فراہم کرتا ہے۔
جے ایف-17 تھنڈر: جدید ٹیکنالوجی کا شاہکار
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جے ایف-17 تھنڈر بلاک 3، جدید AESA ریڈار اور لانگ رینج بی وی آر (Beyond Visual Range) میزائلوں سے لیس ایک 4.5 جنریشن کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے، جو ملکی فضائی برتری کو مضبوط بناتے ہوئے ہر قسم کے عسکری مشنز میں مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران جے ایف-17 تھنڈر کی شاندار کارکردگی نے عالمی سطح پر دفاعی مبصرین کی توجہ حاصل کی، جس کے بعد برطانوی ایئر شو میں اس کی شرکت کو بے صبری سے دیکھا جا رہا تھا۔
خصوصی طور پر پینٹ کیا گیا سی-130 ہرکولیس
رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 کی تھیم کے مطابق پاک فضائیہ کا سی-130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارہ ایک خصوصی لوریری (فنکارانہ پینٹنگ) کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، جو پاکستان کی ثقافت اور تخلیقی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
عالمی امن میں کردار اور تکنیکی برتری کا اظہار
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو میں شرکت نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے بلکہ ہوا بازی کے شعبے میں مشترکہ تجربات، روابط اور تکنیکی تبادلہ خیال کا اہم ذریعہ بھی ہے۔ اس موقع پر پاک فضائیہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ عالمی امن و سلامتی میں اپنا فعال کردار بھی واضح کرے گی۔
Comments are closed.