پاک فضائیہ کا بین الاقوامی میدان میں شاندار کارنامہ، JF-17 تھنڈر اور C-130 طیاروں کو اعزازات سے نوازا گیا
لندن / اسلام آباد:
پاک فضائیہ نے دنیا کے سب سے بڑے اور معتبر فضائی شوز میں سے ایک رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (Royal International Air Tattoo – RIAT) میں اپنی شاندار پیشکش سے دنیا کو ایک بار پھر اپنا لوہا منوا لیا۔ پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر بلاک-سی طیارے نے اس شو میں ’سپرٹ آف دی میٹ‘ (Spirit of the Meet) ٹرافی جیت کر پاکستان کے لیے فخر کا باعث بنا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، 30 ممالک کے طیاروں کی شرکت کے باوجود JF-17 تھنڈر سب سے زیادہ توجہ کا مرکز رہا۔ اس طیارے نے اپنی کارکردگی، ڈیزائن اور پیشکش سے نہ صرف شرکاء کو متاثر کیا بلکہ ماہرین کے دل بھی جیت لیے۔
سی-130 طیارے کی بھی شاندار کامیابی
پاک فضائیہ کے C-130 طیارے نے بھی شو میں “Concours d’Elegance” ایوارڈ جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ یہ ایوارڈ بہترین مجموعی نمائش اور فنکارانہ انداز میں جہاز کی پیشکش پر دیا گیا۔ C-130 طیارے کو پاکستان کی قومی علامت شاہین کے منفرد اور دبدبے دار ٹیٹو سے سجایا گیا تھا، جس کی ہیبت ناک آنکھیں دشمن کے دلوں میں خوف بٹھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مبارکباد
وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کی اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ “پاک فضائیہ کی قیادت، پائلٹس اور ٹیکنیشنز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابل ستائش ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاک فضائیہ دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند کر رہی ہے۔
وزیرِاعظم نے یاد دلایا کہ مئی 2025 میں دشمن کے 6 طیارے گرا کر پاک فضائیہ نے عملی میدان میں بھی شجاعت کا مظاہرہ کیا، جو اس کی بہترین تربیت اور تیاری کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کی کامیابیاں اس بات کی علامت ہیں کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی آئندہ نسلوں کے لیے اکیسویں صدی کی سب سے بڑی اور طویل فضائی جنگ میں ایک تاریخی مثال کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔
Comments are closed.