مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں بھارتی فضائیہ کی اشتعال انگیز پٹرولنگ کا پاک فضائیہ نے بروقت اور موثر جواب دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب بھارتی فضائیہ کے چار رافیل جنگی طیاروں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں پرواز کی تاہم وہ اپنی جغرافیائی حدود کے اندر ہی رہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جیسے ہی بھارتی طیارے فضا میں متحرک ہوئے، پاک فضائیہ نے فوری طور پر ان کی نشاندہی کر کے فضائی نگرانی کو فعال کر دیا۔ پاکستانی طیاروں کے بروقت اور مؤثر ردعمل نے بھارتی رافیل طیاروں کو بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا، اور وہ جلد بازی میں واپس اپنی حدود میں لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔
سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ پاکستان ایئر فورس نے نہ صرف دشمن کی ہر حرکت پر کڑی نظر رکھی بلکہ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ فضائی برتری کا بھرپور مظاہرہ بھی کیا۔ اس واقعے نے ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی بھارتی جارحیت کے مقابلے کے لیے ہمہ وقت تیار اور چوکس ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت پر پیش آیا ہے جب خطے میں پہلے ہی کشیدگی کی فضا موجود ہے اور کسی بھی اشتعال انگیزی سے سنگین تصادم جنم لے سکتا ہے۔ دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی یہ غیر ذمہ دارانہ حرکتیں خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہیں اور انہیں بین الاقوامی برادری کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔
Comments are closed.