بھمبر سیکٹر میں ایل او سی کی خلاف ورزی پر پاک فوج نے بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا

بھمبر: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مناور سیکٹر میں پاک فوج نے بھارتی کواڈ کاپٹر کی پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کو ناکام بناتے ہوئے اسے مار گرایا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دشمن نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے جاسوسی کی کوشش کی جو کہ پاک فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے ناکام بنا دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پاک فوج کی مستعدی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور دفاعی تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ دشمن کی اس مذموم حرکت پر پاک فوج نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کواڈ کاپٹر کو فضا میں ہی نشانہ بنایا، جس سے ایک اور بھارتی کوشش ناکامی سے دوچار ہو گئی۔

سکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ پاک فوج ملک کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر دم چوکس ہے اور کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی دراندازی یا جاسوسی کی کوشش کو برداشت نہیں کرے گا اور ملکی خودمختاری کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا۔

Comments are closed.