ترجمان پاک فوج کی طلبہ و اساتذہ کے ساتھ نشست، سوشل میڈیا پروپیگنڈا اور قومی سلامتی پرگفتگو

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و اساتذہ سے خصوصی نشست میں ملکی سلامتی، دفاعی چیلنجز اور سوشل میڈیا کے منفی اثرات پر روشنی ڈالی۔ ملاقات میں طلبہ و اساتذہ نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہیں اپنے محافظوں پر فخر ہے۔

تعلیمی اداروں کے طلبہ و اساتذہ سے ملاقات
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کانونٹ آف جیسس اینڈ میری، بیکن ہاؤس اور روٹس اسکول سسٹم کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے افواجِ پاکستان کے آپریشنل اُمور، داخلی سیکیورٹی اور علاقائی حالات پر تفصیلی گفتگو کی۔

پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف
پرنسپل کانونٹ آف جیسس اینڈ میری نے پاک فوج کی ملک و قوم کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ طلبہ و اساتذہ نے کہا کہ ان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ انہیں براہِ راست پاک فوج کے نمائندوں سے تبادلۂ خیال کا موقع ملا۔

سوشل میڈیا پروپیگنڈا پر آگاہی
ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ کو سوشل میڈیا پر پھیلنے والے پروپیگنڈا، گمراہ کن اور نقصان دہ مواد سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ حقائق کو ہمیشہ درست تناظر میں دیکھیں اور غیر مصدقہ خبروں پر یقین کرنے سے پہلے تحقیق کریں۔

اساتذہ کا عزم اور طلبہ کا جوش
اساتذہ نے اس موقع پر کہا کہ اس نشست نے انہیں سکھایا کہ ازلی دشمن کے تزویراتی تکبر کا مقابلہ علم، اتحاد اور حب الوطنی سے کیسے کیا جا سکتا ہے۔ طلبہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بطور ذمہ دار شہری سوشل میڈیا کے پروپیگنڈا سے خود کو محفوظ رکھیں گے۔

پاک فوج اور عوام کا مضبوط اتحاد
طلبہ نے کہا کہ پاک فوج اور عوام کے درمیان ایک مضبوط رشتۂ اعتماد قائم ہے، جو بھارت سمیت کسی بھی دشمن قوت کے خلاف قومی اتحاد کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ بہتر طور پر سمجھ چکے ہیں کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کے دفاع کے لیے کس طرح شب و روز کوشاں ہے۔

انگلش ٹیگز:

Comments are closed.