پاکستان کا اقوام متحدہ میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں جاری انسانی المیے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور صورتحال روز بروز بگڑتی جا رہی ہے۔عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے انخلا اور انسانی امداد کی فوری بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ غزہ میں “بھوک کو بطور ہتھیار” استعمال کر رہا ہے، جس کے باعث بچوں کی اموات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت میں یہ جواز نہیں دیا جا سکتا کہ پوری آبادی کو اندھا دھند قتل کیا جائے یا انہیں بھوک سے مارا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اخبار نے بھی غزہ کی موجودہ صورتحال کو 21 ویں صدی میں قحط کی سب سے سنگین مثال قرار دیا ہے، جو بین الاقوامی برادری کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔

پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر کارروائی کرے تاکہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے اور غزہ کے عوام کو ان کا حقِ زندگی اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

Comments are closed.