اقوام متحدہ میں پاکستان کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل ایک بار پھر غزہ میں جاری خونریزی کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔ وہ جنرل اسمبلی میں فلسطین کے مسئلے پر ویٹو مباحثے سے خطاب کر رہے تھے۔

فلسطینی عوام کی تقدیر آزادی ہے

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ فلسطینی عوام اپنی تقدیر کے خود مالک ہیں اور ان کی تقدیر صرف آزادی ہے۔ اب انہیں ان کے حقِ خودارادیت سے مزید محروم نہیں رکھا جا سکتا اور نہ ہی قیام امن کو تاخیر کا شکار بنایا جا سکتا ہے۔

پاکستان کا اصولی مؤقف

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی میں ثابت قدم رہے گا اور ان کے حق کے حصول تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

ٹرمپ کی مشاورت کا خیر مقدم

مستقل مندوب نے اپنے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عرب رہنماؤں اور او آئی سی کے ساتھ حالیہ مشاورت کو خوش آئند قرار دیا۔ تاہم انہوں نے عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ غزہ میں تباہی اور انسانی بحران کے باوجود سلامتی کونسل انسانی امداد کی قرارداد بھی منظور نہ کر سکی۔

جنگ بندی اور دو ریاستی حل پر زور

پاکستانی مندوب نے غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے اسرائیل کو جواب دہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ فلسطین کا پائیدار حل صرف دو ریاستی فارمولہ ہے جس میں 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

Comments are closed.