پاکستان چین دوستی علاقائی امن، استحکام اور ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے مبارکباد دینے پر ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے ساتھ سدابہار شراکت داری مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان اور چین کی مضبوط دوستی علاقائی امن، استحکام اور ترقی کیلئے کلید کی حیثیت رکھتی ہے۔ جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق چینی صدر کی جانب سے تہنیتی پیغام پر صدر مملکت نے ایک خط میں ان کا شکریہ ادا کیا۔

صدر مملکت نے صدر شی جن پنگ کے خط کا جواب دیتے ہوئے باہمی عملی تعاون کو گہرا کرنے، سدا بہار شراکت داری کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے مفاد کے لیے مشترکہ کمیونٹی کو فروغ دینے کے لیے چینی صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین محض پڑوسی نہیں بلکہ آہنی بھائی ہیں، دونوں ممالک نے پاک۔چین اقتصادی راہداری ( سی پیک )سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک سدابہار تزویراتی تعاون کی شراکت داری کی کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی غیر متزلزل حمایت سی پیک کی ترقی کیلئے ناگزیر رہے گی، تاریخ نے پاکستان اور چین کو ایک منفرد رشتے میںمنسلک کیا ہے، تمام عالمی مسائل پر باہمی احترام، افہام و تفہیم اور مشترکہ خیالات سے پاک۔چین تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ صدر مملکت نے چین کے ساتھ عملی تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ کی جانب سے پاک۔چین دوستی کی جانب صدر زرداری کے عزم کے اعتراف کو بھی سراہا۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.