نیوجرسی میں یوم پاکستان پریڈ۔۔۔ پاکستانی سفیر کا تارکین وطن کے باہمی اتحاد پر زور

امریکا میں بسنے والے پاکستانیوں کی جانب سے یوم آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، مختلف ریاستوں کی طرح نیوجرسی میں تارکین وطن نے یوم آزادی کے حوالے سے سالانہ پاکستان پریڈ کا شاندار انعقاد کیا۔

امریکی ریاست نیوجرسی کے علاقے ایڈیسن میں منعقد ہونے والی یوم آزادی پاکستان پریڈ میں پاکستانی کمیونٹی کے ہزاروں افراد نے شرکت کی، امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان، امریکن پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ قائدین اور مرحوم محمد ابرار خان (سیم خان) کے اہلخانہ خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ پریڈ کا مقصد پاکستان کے قومی ورثے کو اجاگر کرنا، بین المذاہب ہم آہنگی، اتحاد، تنوع اور مختلف کمیونٹیز کے درمیان روابط کو فروغ دینا ہے، شرکاء میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی، جنہوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے قومی پرچم کے رنگوں والے لباس زیب تن کر رکھے تھے۔

 پریڈ کے مقام کی طرف جانے والے راستوں پر پاکستانی اور امریکی پرچموں کی بہار کے ساتھ ساتھ یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے تہنیتی بینرز آویزاں کیے گئے تھے۔ یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی طور پر تیار کیے گئے رنگا رنگ فلوٹ، پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے نمائشیں شرکاء کی توجہ کا مرکز بنی رہیں، اس کے علاوہ پاکستانی آرٹ کے نمونوں اور روایتی کھانوں کے سٹالز نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔

امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نیوجرسی میں پاکستان ڈے پریڈ کا آغاز کرنے والے مرحوم محمد ابرار خان جنہیں سیم خان کے نام سے جانا جاتا ہے کو خصوصی طور پر خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ محمد ابرار خان اس دنیا سے تو چلے گئے لیکن وہ پاکستانیوں کے دلوں میں ہمیشہ کیلئے زندہ ہیں، سیم خان نے اپنے نظریئے، سوچ، بین المذاہب ہم آہنگی و قومی اتحاد کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔

پاکستانی سفیر نے امریکی حکومت اور نیوجرسی کے حکام کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے امریکن پاکستانیوں کو اپنے وطن کی آزادی کا دن منانے کیلئے خصوصی ماحول اور سہولیات فراہم کیں، سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ تارکین وطن امریکا اور پاکستان کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار کریں جن کی بدولت دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہو سکتے ہیں۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں کئی مشکل حالات اور چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا اور آئندہ بھی ہر محاذ پر کامیابی پاکستان اور پاکستانی قوم کا مقدر ہوگی، مسعود خان نے امید ظاہر کی ایک دن پاکستان دنیا کے کامیاب ترین ممالک اور پاکستانی عوام کامیاب ترین قوموں میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے تارکین وطن سے اپیل کی کہ بطور امریکی شہری امریکا کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ مادر وطن پاکستان کی تعمیر و ترقی  میں اپنا کردار جاری رکھتےہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔

سردار مسعود خان نے تارکین وطن کو اتحاد و یگانگت برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تفرقہ بازی آپ کو کمزور بناتی ہے جب کہ اتفاق کی طاقت سے آپ امریکا میں مزید مضبوط اور مستحکم کمیونٹی کے طور پر ابھریں گے، اور وقت کے ساتھ ساتھ آپ کا پاکستان کی تعمیر و ترقی میں کردار مزید فعال ہوگا، انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی اور سوچ پر قومی مفاد کو ہمیشہ فوقیت دیں۔

پاکستانی سفیر نے اس موقع پر جڑانوالہ واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں ایسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، پوری پاکستانی قوم اس واقعے کی پرزور مذمت اور اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتی ہے، یہ پاکستان اور پاکستانی قوم کے خلاف سازش ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر آرام سے نہیں بیٹھے گی۔

Comments are closed.