پاکستان کا اقوام متحدہ سے بھارت کی جانب سے جاسوسی کی تحقیقات اورمحاسبے کا مطالبہ

پاکستان نے بھارت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان سمیت اعلی شخصیات کے فون، کمپیوٹرز ہیک کرنے اور جاسوسی پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مکمل تحقیقات کرنے اور مودی سرکار کے محاسبے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہاہے کہ ہندوستان کی جانب سے اسرائیلی سپائی ویئر کے ذریعے سفرا، ججز، اعلیٰ شخصیات کے فون اورکمپیوٹرز ہیک کرنے اور جاسوسی سے متعلق عالمی میڈیا رپورٹس پر گہری تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا نے بھارتی حکومت کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا، مودی سرکار اپنے شہریوں کے ساتھ وزیراعظم عمران خان سمیت غیر ملکیوں کی بھی جاسوسی کرتی رہی، پاکستان بھارتی وسیع البنیاد ریاستی جاسوسی آپریشنز کی پر زور مذمت کرتا ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی کے جاسوسی آپریشنز ذمہ دارانہ ریاستی طرز عمل، عالمی اقدار کی خلاف ورزی ہیں، اختلافی آوازوں کی جاسوسی راشٹریہ سوک سنگ، بھارتیہ جنتا پارٹی کا پرانا وطیرہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم اور پاکستان مخالف گمراہی پھیلانا بھارتی ایجنڈا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دنیا، نام نہاد بھارتی “جمہوریت” کا اصل چہرے سے واقف ہے، ہندوستانی جمہوریت کی اصلیت انڈین کرانیکل، یورپی یونین ڈس انفو لیب ہے، ہندوستان سے متعلق تمام انکشافات پر انتہائی قریبی، گہری نظر ہے، پاکستان، بھارتی زیادتیوں پر مناسب عالمی فورمز کی توجہ مبذول کرائے گا۔

زاہد حفیظ چوہدری نے مزید کہا کہ ہندوستان کی جانب سے غیرملکیوں کی جاسوسی انتہائی تشویشناک ہے، اقوام متحدہ کے متعلقہ ادارے معاملے کی مکمل تحقیقات کریں اور اقوام متحدہ اصل حقائق منظر عام پر لا کر ملوث بھارتی عناصر کا محاسبہ کیا جائے۔

Comments are closed.