یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن میں پرچم کشائی کی تقریب

امریکا کے شہر واشنگٹن میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں یوم آزادی کے موقع پر شاندار تقریب منعقد کی گئی۔

14 اگست یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن میں منعقدہ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، قومی ترانے کی مدھر دھن کے ساتھ پرچم کشائی کے بعد صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے خصوصی پیغامات پڑھے گئے۔

امریکا میں تعینات سفیر اسد مجید خان نے پاکستانی قوم بالخصوص امریکا میں بسنے والے ہم وطنوں کو یوم آزادی کی مبارک پیش کی، انہوں نے تحریک آزادی پاکستان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کا دن ہمیں ہمارے آباؤ اجداد کی کوششوں اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی وجہ سے آزادی جیسی نعمت ملی۔

اسد مجید خان نے کہا کہ حکومت پاکستان اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی وطن کی تعمیر و ترقی کے لئے کوششوں کو بھی سراہا۔

Comments are closed.