پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، بھارت کو پاکستان کی طاقت کا اندازہ نہیں: شیخ رشید

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے دشمن کو جرات اور بہادری سے جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم کو کامیاب دفاع اور مؤثر جوابی کارروائی پر مبارکباد دی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو آج خود اپنی قوم کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔ “آج بھارت میں مودی پر لعن طعن ہو رہی ہے، اور یہ سب پاکستان کی مؤثر حکمت عملی اور جوابی طاقت کا نتیجہ ہے،” انہوں نے کہا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مودی حکومت نے اپنی خفت مٹانے کے لیے دوبارہ کسی قسم کی جارحیت دکھانے کی کوشش کی، تو پاکستان بھرپور اور سخت جواب دے گا۔ “ہندوستان کو معلوم ہی نہیں کہ ہمارے پاس کیا کیا جدید ٹیکنالوجی ہے،” شیخ رشید نے دعویٰ کیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ چونکہ وہ خود ان دفاعی اداروں کے قریب رہے ہیں، اس لیے انہیں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا بخوبی علم ہے۔ “ہمارے پاس ایسی ایسی ٹیکنالوجی موجود ہے کہ دشمن نیست و نابود ہو سکتا ہے۔ ہماری افواج نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے ہیں اور اسے ایسا سبق سکھایا ہے جو نسلوں تک یاد رہے گا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، مگر جب اس کی خودمختاری کو چیلنج کیا جاتا ہے تو افواج پاکستان ہر محاذ پر اپنا لوہا منوانا جانتی ہیں۔

Comments are closed.