پاکستان ہماری آن، بان اور شان ہے، آج وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا عہد کریں:مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری آن، بان اور شان ہے، اور آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ وطن عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ “الحمد للہ رب العالمین! پاکستان جیسی بے مثال نعمت پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں”۔

پاکستان پر فخر اور شکر
مریم نواز نے کہا کہ آزادی کی نعمت، باوقار زندگی کا موقع اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت ہونے پر ہمیں فخر بھی ہے اور شکر بھی۔ ان کے مطابق پاکستان ایک روشن چراغ ہے جس کی روشنی سے دنیا جگمگا رہی ہے، اور اس کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں۔

شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنے کی تلقین
انہوں نے کہا کہ ہم یہ دن مناتے ہوئے اپنے اُن لاکھوں شہداء کو نہیں بھول سکتے جن کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ آج کا دن صرف جشن نہیں بلکہ وطن سے وفاداری کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔

قوم سے احتساب اور خود انحصاری کی اپیل
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں اپنا احتساب کرنا ہوگا کہ پاکستان نے ہمیں عزت، شناخت اور آزادی دی، لیکن ہم نے بدلے میں ملک کو کیا دیا؟ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو تحریکِ آزادی اور تحفظِ وطن کی داستانیں ضرور سنائیں تاکہ نئی نسل میں حب الوطنی کا جذبہ پروان چڑھے۔

ترقی اور وقار کا پیغام
مریم نواز نے کہا کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ وطنِ عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان آج اقوامِ عالم میں باوقار مقام حاصل کر چکا ہے اور معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

Comments are closed.