ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جنوری میں بھارت کی جانب سے لوگوں کو قتل کرانے کا سلسلہ شروع ہوا، پاکستان نے اس پر اپنا مؤقف دیا، عالمی برادری کو چاہیے اس کا نوٹس لے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ خطے میں امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم اپنی سالمیت کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ داسو واقعے پر چین کی حکومت سے اظہار تعزیت کیا، چین کے شہریوں کی سکیورٹی کو مزید مؤثربنایا جائے گا، سکیورٹی کے حوالے سے مؤثر نظام بنایا جا رہا ہے، حکومت نے داسو حملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی، انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم نے چند افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئندہ چینی باشندوں کی سکیورٹی کے حوالے سے معاملات کو مزید سنجیدگی سے لیا جائے گا، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم چائنیز پراجیکٹ کی سکیورٹی کے حوالے سے خود نگرانی کر رہے ہیں، امن خراب کرنے کی کوشش پر حکومت کی پوری نظر ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ دہشتگردی کی اس جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔
رہنما مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ عالمی میڈیا پر پاکستانی معیشت پر مثبت خبریں آ رہی ہیں، سٹاک ایکسچینج میں روز نیا ریکارڈ بن رہا ہے، دشمن کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، 16 ماہ کی حکومت میں ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، حکومت مسائل کے حل کیلئے پر عزم ہے۔
Comments are closed.