اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے غیرملکی معززین کو پاکستانی آم تحفے میں بھیجنے کے حوالے سے بھارتی میڈیا کی بے بنیاد رپورٹس کو گمراہ کن قرار دے دیا۔
اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ غیر ملکی معززین کو بطور تحفہ آم بھیجنے کے حوالے سے گزشتہ ہفتے شائع میڈیا رپورٹس کو دیکھا ہے اور ہم ان خبروں کو درحقیقت غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی اور دی نیو انڈین ایکسپریس سمیت متعدد ہندوستانی ذرائع ابلاغ اور میڈیا اداروں نے مذکورہ خبر کو بنیاد بناتے ہوئے کہا کہ امریکا اور چین نے پاکستان کی ‘آم ڈپلومیسی’ مسترد کردی۔ ان رپورٹس کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی میڈیا کے ایک حصے نے غلط اور غیر ذمہ دارانہ رپورٹس پیش کیں۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ وزارت خارجہ قرنطینہ ضوابط سمیت دیگر ضروریات کے ساتھ ساتھ پروازوں کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے ممالک کی فہرست تیار کرتا ہے، گزشتہ سال سے کووڈ-19 سے متعلق شرائط بھی اس کا حصہ ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ رواں سال کے لیے عمل ابھی بھی منصوبہ بندی کے مراحل میں ہے لہٰذا کسی بھی ملک میں آم بھیجنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔
Comments are closed.