محکمہ ہوا بازی نے بین الاقوامی مسافروں کے پاکستان سفر کے لئے نئے ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں، اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
کورونا کے حوالے سے خراب صورتحال والے دیگر ممالک سے پاکستان آنے والوں کو سفر سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا اور کورونا وائرس نہ ہونے کی رپورٹ ایئرپورٹ پر دکھانا ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کیٹگری سی میں شامل جنوبی افریقہ، برطانیہ، برازیل، آئرلینڈ، پرتگال اور نیدرلینڈز کے مسافروں کی آمد کو این سی اوسی اجازت سے مشروط کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کیٹگری اے میں شامل 24 ممالک کے مسافروں کو آمد سے قبل پی سی آر کرونا ٹیسٹ سے استثنی دے دیا گیا، اس کیٹگری میں آسٹریلیا، چین، کیوبا، فن لینڈ، گھانا، آئس لینڈ، عراق، قازقستان، مڈگاسکر، مالدیپ، منگولیا، میانمار، نیوزی لینڈ، فلپائن، قطر، روانڈا، جنوبی کوریا، جنوبی سوڈان، سری لنکا، ٹوگو، ٹرینڈاڈ اینڈ ٹوبیگو اور ویتنام شامل ہیں۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق کورونا وباء کے حوالے سے سی کیٹیگری قرار دیئے گئے ممالک میں موجود پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد کو وطن واپسی کی اجازت ہو گی، اس کے ساتھ ساتھ نائیکوپ اور پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) کارڈ ہولڈرز پاکستانی شہری بھی واپسی کے اہل ہوں گے۔
سی کیٹیگری ممالک کے سفارتکار اور ان کے اہل خانہ بھی پاکستان آ سکیں گے، بیرون ممالک سے پاکستان آنے والوں کیلئے نئے ایس او پیزکا نوٹیفیکشن یکم فروری سے اٹھائیس فروری تک نافذ العملُ رہے گا۔
Comments are closed.