پاکستان میں قاتل وبا 23 زندگیاں نگل گئی، ایک دن میں 735 کورونا کیسز رپورٹ

پاکستان میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، قاتل وباء مزید 23 جانیں نگل گئی، جب کہ ایک روز میں 735 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 41 ہزار 133 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 735 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔جس کے بعد ملک میں  مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 9 لاکھ 56 ہزار 392 ہوگئی ہے،جن میں سے 9 لاکھ 01 ہزار 985 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 32 ہزار 153 رہ گئی۔ سندھ میں 19 ہزار 301، پنجاب میں 8 ہزار 627، خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 822، اسلام آباد میں 958، گلگت بلتستان 221، بلوچستان میں 797 اورآزاد جموں وکشمیر میں427 ایکٹو کیسز ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کورونا سے 23 افراد جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں 11 اور سندھ میں 9 اموات ہوئیں۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 254 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں اس وقت 253 مریض وینٹلیٹرز پر ہیں۔2 ہزار 201 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

Comments are closed.