کورونا وائرس سے مزید 39 افراد کا انتقال، مجموعی اموات 27 ہزار 986 ہو گئیں

پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات کا سلسلہ نہ رک سکا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 39 افراد انتقال کر گئے، جب کہ ایک ہزار نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ساڑھے 12 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 46 ہزار 477  افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے مزید ایک ہزار  212  افراد میں مہلک وائرس کی  تصدیق ہوئی، جس کے بعد ملک میں کورونا کیسز کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 53 ہزار 868  ہو گئی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے مزید 39 افراد کے انتقال کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 27 ہزار 986 ہو گئی، پنجاب میں اب تک کورونا سے سب سے زیادہ 12 ہزار 724 افراد کی اموات ہوئیں، سندھ میں کورونا سے 7 ہزار 451، خیبرپختونخواہ میں 5 ہزار 608 اور اسلام آباد میں 930 افراد کا انتقال ہوا۔ گلگت بلتستان میں اب تک 186 ، بلوچستان میں 349 اور آزاد جموں کشمیر میں 738 افراد کا کورونا سے انتقال ہوا ۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس ٹیسٹ رپورٹس مثبت آنے شرح 2.60 فیصد رہی جب کہ ایک ہزار سے زائد نئے مریض رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 44 ہزار 828 ہوگئی، مختلف شہروں میں زیرعلاج  3 ہزار 79 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

Comments are closed.