بین الاقوامی سطح پر بڑی کامیابی، پاکستان اقوام متحدہ کے تین اہم کمیشنز کارکن منتخب

حکومت پاکستان کو ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سطح پر بڑی سفارتی کامیابی مل گئی، پاکستان اقوام متحدہ کے تین اہم کمیشنز کا رکن منتخب ہو گیا۔

یو این ہیڈکوارٹرز نیویارک میں ہونے والے الیکشنز میں پاکستان کو جرائم کی روک تھام اور مجرمانہ انصاف کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کمیشن (سی سی پی سی جے) ، خواتین کی حیثیت سے متعلق کمیشن (سی ایس ڈبلیو) اور آبادی و ترقی سے متعلق کمیشن (سی پی ڈی) کی رکنیت مل گئی۔ یہ کمیشنز مختلف سماجی اور اقتصادی معاملات پر بین الاقوامی تعاون بڑھانے کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق یہ الیکشن اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل کی جانب سے کرائے گئے، سی سی پی سی جے اور سی پی ڈی کے الیکشن میں کونسل کے تمام 54 رکن ممالک نے متفقہ طور پر پاکستان کو رکن منتخب کیا جبکہ کمیشن فار ویمن کے الیکشن میں 50 اراکین ممالک نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔ پاکستان ان کمیشنز کا یکم جنوری 2022 سے باقاعدہ رکنیت اختیار کرے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے تین اہم کمیشنز کی رکنیت ملنا پاکستان پر بین الاقوامی برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔ پاکستان مختلف قسم کے جرائم کے خاتمے، مجرمانہ انصاف فراہمی کے نظام میں شفافیت، صنفی برابری اور خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے بین الاقوامی تعاون بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اسکے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کو آبادی کے اعداد و شمار مرتب کرنے کیلئے استعداد کار بڑھانے کیلئے معاونت جاری رکھی جائے گی۔

Comments are closed.