پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کی من مانیاں جاری، سپورٹس بورڈ کا سخت ایکشن کا فیصلہ

پاکستان سپورٹس بورڈ نے بےقاعدگیوں کے الزامات پر الیکشن ملتوی کرنے کی ہدایات نظرانداز کرنے پر پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کی نئی باڈی کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

پاکستان سپورٹس بورڈ نے ریسلنگ فیڈریشن میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا فیصلہ کرتے ہوئے فیڈریشن کے آج ہونے والے انتخابات روکنے کی ہدایت کی تھی، ڈی جی پی ایس بی کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ فیڈریشن کے خلاف بے قاعدگیوں سمیت دیگر شکایات ہیں، جب کہ متوازی تنظیم بھی موجود ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ ریسلنگ فیڈریشن کے معاملات کی جانچ کی ہدایات دے چکی۔

مراسلے میں کہا گیا تھا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک ریسلنگ فیڈریشن کے شیڈول انتخابات روک دیے جائیں، تمام فریقین کو سن کر عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرائیں گے، پاکستان سپورٹس بورڈ نے واضح کیا تھا کہ اگر احکامات نہ مانے گئے تو فیڈریشن کو پاکستان کا نام استعمال نہیں کرنے دیا جائے گا۔ ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ نے فریقین کو 7 ستمبر کو طلب کیا تھا

پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے سپورٹس بورڈ کے احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے نہ انتخابات منعقد کرا کے نئے عہدیداروں کے نام جاری کر دیئے ہیں، پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے آج ہونے والے انتخابات میں سید عاقل شاہ کو چیئرمین، عبدالمبین چوہدری کو صدر منتخب کیا گیا ہے، کرنل (ر) صدف اکرم، محمد سلیم، طارق عزیز نائب صدور اور محمد ریاض کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔

Comments are closed.