پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے “فتح” میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے اور اس کا تجربہ انڈس مشقوں کے دوران کیا گیا۔
اس تجربے کا مقصد فوجی تیاری، تکنیکی مہارت، اور میزائل کے جدید نیوی گیشن سسٹم اور درستی کے اہم تکنیکی پہلوؤں کی جانچ اور توثیق کرنا تھا۔ تربیتی تجربے کا مشاہدہ پاکستان آرمی کے سینئر افسران، سٹریٹجک اداروں کے افسران، سائنسدانوں اور انجینئروں نے کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف نے تجربے میں شریک فوجی اہلکاروں، سائنسدانوں، اور انجینئروں کو کامیاب تجربے پر مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ فتح میزائل کا کامیاب تجربہ پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تکنیکی مہارت کا مظہر ہے، اور پاکستان کی علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت کا اظہار کرتا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب تجربے پر قوم، سائنسدانوں، اور سکیورٹی اداروں کو مبارکباد دی اور دفاع وطن کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے قومی عزم برقرار ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیتیں اور سکیورٹی فورسز ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتی ہیں۔
Comments are closed.