اسلام آباد: پاکستان نے کنٹرول لائن کے قریب اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین اور اُن کی گاڑی پر بھارتی فوج کی فائرنگ کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھاتے ہوئے معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو باقاعدہ خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فوجی مبصرین کی گاڑی پر اقوام متحدہ کے نمایاں نشان (لوگو) پرنٹ اور نیلے رنگ کے جھنڈے کے باوجود بھارتی فوج نے فائرنگ کی۔
پاکستانی مندوب نے خط لکھا ہے کہ بھارتی فوج کا یہ حملہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے کی چال اور پاکستان کے خلاف ایک اور فوجی مہم جوئی کی کوشش ہے۔ خط میں کہا گیا کہ پاکستان کے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہے کہ آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری میں ہے تا کہ وہ اپنے اندرونی مخدوش حالات سے توجہ ہٹا کر پاکستان کے خلاف ایک اور مہم جوئی کا جواز پیدا کر سکے تاہم پاکستان کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ ایسی کسی بھی حرکت پر پاکستان اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے بھرپور جواب دے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزیاں علاقائی امن و سلامتی کے بڑا خطرہ ہیں، بھارت ایسے ہتھکنڈوں کے ذریعے دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتا ہے۔ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنے فوجی مبصرین پر حملے کے واقعے کی فوری اور سخت مذمت کرتے ہوئے بھارت کو 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کا پابند بنائے۔اس کے ساتھ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن برائے بھارت و پاکستان کو مزید موثر و فعال بنانے کے پاکستانی مطالبے کا مثبت جواب دیا جائے۔
پاکستان نے اقوام متحدہ کی توجہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 500 دنوں سے زائد عرصے سے جاری غیرانسانی فوجی محاصرے، مواصلاتی لاک ڈاؤن کی طرف بھی مبذول کرائی ہے جس میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے بدترین مظالم اور جنگی جرائم کیے جا رہے ہیں، بھارت مسلم اکثریتی علاقے کو جغرافیائی ڈھانچے میں تبدیلی کے ذریعے ہندو اکثریتی علاقہ بنانا چاہتا ہے۔
پاکستان نے کنٹرول لائن کی بگڑتی صورتحال کی طرف اقوام متحدہ کی توجہ مبذول کراتے ہوئے خط میں اقوام متحدہ کو بتایا ہے کہ بھارت رواں برس ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر 3 ہزار سے زائد مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کرچکا ہے، بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے خواتین اور بچوں سمیت 276 معصوم شہریوں کی شہادت ہو چکی ہے۔
Comments are closed.