پاکستان،سعودی عرب سے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے: وزیراعظم

وزیراعظم آفس کےمیڈیاو نگ سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی زیر قیادت سعودی وفد نے وزیراعظم محمد شہبازشریف سے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا اور سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ ، اقتصادی اور سٹریٹجک تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔سعودی وزیرِ خارجہ شہزاد فیصل بن فرحال آل سعود نے پاکستان سعودیہ تعلقات کی مضبوطی، تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کیلئے سعودی عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

وزیرِ اعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور اس کے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل میں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام اداروں کے تعاون اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ملاقات میں فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا شکر گزار ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے۔ اس موقع پر وفد نے وزیرِ اعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ سعودی وفد کا دورہ پاکستان، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے تناظر میں ہو رہا ہے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.