اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کا ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو اس کا انجام ماضی سے بھی زیادہ بھیانک ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی واحد حکمران ہیں جن پر گجرات میں قتل عام کے باعث عالمی پابندیاں لگائی گئیں۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزامات سراسر بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نو لاکھ بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں کوئی واقعہ رونما ہو تو اس کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے، نہ کہ پاکستان پر۔
انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جو سب سے زیادہ دہشت گردی کا نشانہ بنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی ایل اے اور ٹی ٹی پی جیسی دہشت گرد تنظیموں کے سرپرست بھارت میں بیٹھے ہیں، اور افغانستان کی سرزمین کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ بھارت نے تاحال پاکستان کا نام نہیں لیا، لیکن اگر ایسا کیا گیا تو پاکستان بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے الزامات کی بوچھاڑ کی جا رہی ہے مگر پاکستان کے پاس دہشت گردی کی زندہ گواہی کلبھوشن یادیو کی شکل میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی مضبوط اور قابلِ فخر ہے، اور دفاعی قوت کو مزید بڑھانے کے لیے تجربات جاری رہیں گے۔
Comments are closed.