پاکستان نے پاک بھارت جنگ جیتی، دنیا معترف ہے: شہباز شریف

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں پاک بزنس ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے اسٹیشن آ کر خوشی ہوئی، جہاں ایک خوشگوار تبدیلی دیکھنے کو ملی۔ انہوں نے کہا کہ عام مسافروں کے لیے ٹرین کی تزئین و آرائش کو بہتر انداز میں کیا گیا ہے اور مدتوں بعد یہاں آنے کا موقع ملا ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ اب ٹکٹنگ کا پرانا نظام ختم کر کے جدید ڈیجیٹائزڈ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاحب حیثیت افراد کے لیے بزنس کلاس، برتھ، کچن اور ڈائننگ ہال جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، تاہم یہ صرف اشرافیہ کے لیے نہیں بلکہ عام آدمی کو بہتر اور شاندار سفری سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہے۔

شہباز شریف نے اس موقع پر سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں ریلوے کی بہتری کے لیے کریڈٹ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم دور میں خواجہ سعد رفیق نے ریلوے اسٹیشنز بہتر بنانے، ریلوے اراضی واگزار کرانے اور مجموعی نظام کو بہتر بنانے کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک بزنس ایکسپریس کو یورپی ریلوے کی طرز پر تیار کیا گیا ہے، اور اسے عوامی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

پاک بھارت جنگ، سفارتی کامیابی اور فوجی جرات پر اظہارِ خیال

اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے بین الاقوامی تعلقات اور قومی سلامتی کے معاملات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سی پیک 2 کے لیے رابطے میں ہے اور امریکا کے ساتھ تعلقات کو استوار کر رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کہا ہے کہ “پاک بھارت جنگ میں نے رکوائی ہے”، اور اسے پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا۔ شہباز شریف کے مطابق، یہ چار روزہ جنگ انتہائی خطرناک تھی، لیکن پاکستان نے نہ صرف یہ جنگ جیتی بلکہ دنیا نے بھی اس تاریخی کامیابی کو تسلیم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم کی دعائیں اور افواجِ پاکستان کی بہادری اور مہارت نے ہندوستان کا بھرپور مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم، وہ ہر لمحہ افواج پاکستان کے ساتھ مشورہ کر رہے تھے اور فیلڈ مارشل سے رابطے میں تھے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے تھے کہ پاکستان بھارت کا مقابلہ نہیں کر سکتا، لیکن اس جنگ کے بعد وہ سوچ ختم ہو گئی ہے۔

Comments are closed.