سپین کے شہر بارسلونا میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل مرزا سلمان بیگ کو ماتحت خاتون اہلکار کو ہراساں کرنے کے جرم میں قوبصل جنرل کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا۔
حکومت پاکستان نے سپین میں تعینات قونصل جنرل مرزا سلمان بیگ کو ماتحت خاتون اہلکار کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہونے پر عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ واضح رہے کہ مرزا سلمان بیگ کو دسمبر 2021 میں بارسلونا میں پاکستانی قونصل جنرل تعینات کیا گیا تھا۔
متاثرہ لڑکی نے چند ہفتے قبل قونصل جنرل کے خلاف جنسی ہراسیت کے الزامات عائد کیے جس کے بعد سپین میں پاکستانی سفیر شجاعت راٹھور نے واقعے کی تفصیلات طلب کیں، مقامی سطح پر انکوائری مکمل کرنے کے بعد معاملہ پاکستانی وزارت خارجہ کو بھجوایا گیا جس کے بعد وزارت خارجہ ہیڈکوارٹرز سے دو رکنی انکوائری ٹیم نے سپین کا دورہ کیا، اس دوران فریقین اور عملے کے بیانات قلمبند اور ثبوت اکٹھے کیے گئے۔
انکوائری ٹیم کی تحقیقات کی روشنی میں وزارت خارجہ نے مرزا سلمان بابر بیگ کو قونصل جنرل کے عہدے سے برطرف کرتے ہوئے ہیڈ کوارٹرز رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ متاثرہ لڑکی نے سپین کے نظام انصاف میں بھی واقعہ کی رپورٹ کرائی تھی۔
میڈرڈ میں پاکستانی سفیر نے نیوز ڈپلومیسی کو بتایا ہے کہ حکومت پاکستان نے سفارت کار کے خلاف خاتون کو ہراساں کرنے کے الزامات کو انتہائی سنجیدگی سے لیا اور فوری انکوائری کر کے قونصل جنرل کو ہیڈکوارٹرز رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب سلمان بابر بیگ نے نیوز ڈپلومیسی سے بات کرتے ہوئے عہدے سے ہٹائے جانے کی تصدیق کی ہے۔
Comments are closed.