فلسطینی صحافی شیریں ابو عاقلہ کے قتل کی فوری، موثرتحقیقات کی جائیں، ڈاکٹرمریم شیخ

مجرموں کو چھوٹ اور استثنیٰ صحافیوں کیخلاف جرائم کی روک تھام کے حوالے سے بڑا چیلنج ہے، پریس قونصلر پاکستان مشن

نیویارک: پاکستان مشن اقوام متحدہ کی پریس قونصلر ڈاکٹر مریم شیخ نے اسرائیل کی جانب سے امریکی نژاد فلسطینی صحافی شیریں ابو عاقلہ کے قتل کی عالمی سطح پر فوری، غیرجانبدارانہ اور موثر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مجرموں کو چھوٹ اور استثنیٰ صحافیوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے حوالے سے بڑا چیلنج ہے۔

اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے اطلاعات کے 44 ویں اجلاس میں پاکستان مشن کی پریس قونصلر ڈاکٹر مریم شیخ نے گروپ آف 77 اینڈ چائینہ اور پاکستان کی طرف سے اختتامی ریمارکس دیتے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جی 77 اور چائینہ کمیٹی کی مجوزہ قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کمیٹی کے اراکین اور شرکاء کو اتفاق رائے کے ذریعے قرارداد منظوری پر مبارک پیش کی۔

ڈاکٹر مریم شیخ نے مختلف گروپس کے نمائندوں، کمیٹی اراکین کی جانب سے قراراد کے حوالے سے گروپ آف 77 اینڈ چائینہ کے ساتھ تعمیری مشاورت اور منظوری پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے کمیٹی اجلاس کے دوران تعاون پر تمام شراکت داروں، مختلف سیکرٹریٹس سے بھی اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پر انہوں نے شرکاء کی توجہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینی نژاد امریکی صحافی شیریں ابو عاقلہ کے ظالمانہ قتل کی مبذول کراتے ہوئے کہا کہ یہ الجزیرہ ٹی وی سے وابستہ خاتون صحافی کا قتل انتہائی تشویشناک امر ہے، مجرموں کو استثنیٰ اور چھوٹ دینا صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے بڑا چیلنج ہے۔ صحافیوں کے خلاف جرائم کرنے والوں کو کٹہرے میں لانا مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے نہایت اہم ہے۔

ڈاکٹر مریم شیخ نے مقتول صحافی شیریں ابو عاقلہ کے اہلخانہ، فلسطینی عوامی، الجزیرہ ٹی وی اور عالمی صحافتی برادری سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ گروپ آف 77 اینڈ چائینہ مطالبہ کرتا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے خاتون صحافی کے قتل کی فی الفور عالمی سطح پر غیرجانبدارانہ، آزادانہ اور موثر تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ عالمی برادری اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں پر جاری مظالم بالخصوص صحافی شیریں ابو عاقلہ کے قتل کا فوری نوٹس لے، اسرائیل کی بہیمانہ کارروائیاں اور اقدامات  نہ صرف دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے باعث تشویش ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی کو بڑھاوا دینے کا باعث بن رہے ہیں۔ عالمی برادری اسرائیل کی غاصبانہ کارروائیوں اور مظالم کے خلاف فوری اقدامات اٹھائے۔

ڈاکٹر مریم شیخ نے کہا کہ پاکستان یہ سمجھتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن مسئلے کے دو ریاستی حل اور 1967 سے قبل کے بارڈرز والی آزاد، خودمختار فلسطین کے قیام کے ذریعے ممکن ہے، ایسی فلسطینی ریاست کہ جب کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

Comments are closed.