پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بھارت کے خلاف پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی شاہینوں نے وطن کی سالمیت کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو اس کے گھر میں گھس کر نشانہ بنایا اور “اکھنڈ بھارت” کا خواب چکنا چور کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا پاک فضائیہ کی مہارت کو تسلیم کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا، “رافیل طیارے کو آج تک کسی نے نہیں گرایا، لیکن پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر نے یہ کر دکھایا، حتیٰ کہ فرانس کو بھی فکر لاحق ہو گئی ہے”۔ عظمیٰ بخاری نے طنزاً کہا، “انڈیا کو لاہور میں ناشتہ کرنے کا شوق تھا، مگر پاک فضائیہ نے سارے کھانے انڈیا میں ہی پہنچا دیے”۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو ایسا جواب دیا جو وہ کبھی نہیں بھول پائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی کا پورے خطے پر راج کا خواب خاک میں مل گیا، کل اسے گھٹنوں پر آنا پڑا۔ “پاکستانی قوم اور میڈیا نے بھارت کو سوشل میڈیا پر بھی اور میدان جنگ میں بھی شکست دی”۔
عظمیٰ بخاری نے انکشاف کیا کہ “ہم نے اپنے شہید بچوں کے ناموں والے میزائل بھارت میں داغے ہیں”، اور بھارت کی عوام کو اصل نقصان کا علم ہی نہیں کیونکہ ان کا میڈیا سچ چھپا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن دشمن کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ ہم کمزور ہیں۔ “جب وقت آتا ہے تو شریف انسان بھی بدمعاش بن جاتا ہے”۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی دھمکیاں ہم نے جوتی کی نوک پر رکھ دیں اور بھارتی ڈرونز کا سامنا کرنے میں عوام پیچھے نہیں ہٹے۔
عظمیٰ بخاری نے یاد دلایا کہ ملک کا ایٹمی پروگرام اور جے ایف 17 طیارے مسلم لیگ ن کی قیادت کا کارنامہ ہیں۔ انہوں نے نواز شریف کو ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا کریڈٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، چین، یو اے ای، قطر اور دیگر دوست ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستان کا ساتھ دیا۔ باکو میں پاکستانی فتح کی خوشی منائی گئی، جو دنیا کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے کہ پاکستان خطے میں کسی کو بدمعاش نہیں بننے دے گا۔
Comments are closed.