اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں اور حکومت اس شعبے کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے 11 سے زائد ممالک کے آئی ٹی ماہرین کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ ڈیجیٹل دنیا آج تمام شعبوں پر غیر معمولی اثر ڈال رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں غیر معمولی رفتار سے تبدیلیاں آ رہی ہیں، اور موجودہ دور کی ڈیجیٹل دنیا ماضی کے مقابلے میں بالکل مختلف ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئی ٹی کے شعبے میں نمایاں ترقی ہوئی ہے، ہونہار طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپس دیے گئے، اور پورے پاکستان میں آئی ٹی پارکس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو جدید سکلز فراہم کرنے کے لیے آئی ٹی کے شعبے میں تربیتی پروگرامز جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ نوجوان دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مصنوعی ذہانت (AI) اور آئی ٹی کے میدان میں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ایک بڑا منصوبہ شروع کیا گیا ہے، تاکہ زراعت، صنعت، برآمدات اور دیگر شعبوں میں ان جدید ٹیکنالوجیز سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی
Comments are closed.