سعودی عرب کے قومی دن پر پاکستان کی قیادت کے مبارکبادی پیغامات، تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر پاکستان کی جانب سے سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دینِ اسلام، تاریخ، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں اور یہ تعلقات ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ “پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کو نہایت گرمجوش مبارکباد پیش کرتا ہوں۔”

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کے ترقیاتی سفر پر فخر کرتے ہیں جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران اور پاکستان کی معاشی مشکلات میں ہمیشہ ساتھ دیا، جس کو پاکستانی عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور مملکت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

صدرِ مملکت کا بیان

صدر آصف علی زرداری نے بھی سعودی عرب کے قومی دن پر مبارکباد دی اور کہا کہ اسلام کے دو مقدس ترین مقامات خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کی موجودگی پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مضبوط روحانی رشتے میں پروتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی اور سکیورٹی شراکت داری دونوں ممالک کے باہمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے اور خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی ایک اہم قدم ہے۔ صدر نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا پیغام

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک سعودیہ دفاعی تعاون معاہدے نے تعلقات کو نئی جہت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی، اقتصادی اور ثقافتی شراکت داری نے باہمی روابط کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ محسن نقوی کے مطابق سعودی حکومت نے ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ بے لوث دوستی کا مظاہرہ کیا ہے، چاہے وہ قدرتی آفات ہوں یا عالمی چیلنجز۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا بیان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا محض دوست نہیں بلکہ ہر مسلمان کے لیے عقیدت اور محبت کا مرکز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی معاہدے پر قوم فخر محسوس کرتی ہے، یہ معاہدہ پاکستان کو “محافظ الحرمین الشریفین” کا درجہ دیتا ہے۔

Comments are closed.