نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت ناقابل قبول ہے اور پاکستان ایران پر اسرائیل کے غیرقانونی حملے کی سخت مذمت کرتا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران پر اسرائیلی حملے کے حوالے سے ہونے والے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیلی حملہ نہ صرف ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ یہ عالمی قوانین کے برعکس ایک خطرناک اقدام ہے۔
عاصم افتخار نے خبردار کیا کہ اسرائیل کے یہ اقدامات بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزیاں اب ایک معمول بنتی جارہی ہیں، جو اقوام متحدہ کے اصولوں کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے امن مذاکرات کے دوران ایران پر حملہ کر کے نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی بلکہ خطے میں کشیدگی کو بھی ہوا دی۔ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لے اور اسے روکے۔
Comments are closed.