اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اہم ملاقات کی، جس میں پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور پاکستان کی جانب سے کیے گئے ردعمل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
محسن نقوی نے صدر مملکت کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کے بعد فوری طور پر واہگہ بارڈر بند کرنے، فضائی حدود معطل کرنے اور بھارت کے ساتھ تجارتی روابط ختم کرنے جیسے فیصلے کیے۔
صدر آصف علی زرداری نے قومی سلامتی کمیٹی کے بروقت اور دوراندیش فیصلوں کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات پاکستانی قوم کے جذبات کی مکمل ترجمانی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کمیٹی کے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
صدر نے واضح کیا کہ بھارت کے الزامات بے بنیاد اور غیر منطقی ہیں، ان کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل شکست ہے۔
قابل ذکر ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے جن میں واہگہ بارڈر اور فضائی حدود کی بندش، تجارتی تعلقات کی معطلی، اور بھارتی شہریوں کی واپسی شامل ہے
Comments are closed.