اقوام متحدہ میں پاکستان کی آئندہ صدارت، عاصم افتخار کی انتونیو گوتریس سے اہم ملاقات

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے سلامتی کونسل میں پاکستان کی آئندہ صدارت کے دوران طے شدہ پروگرام آف ورک سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر خصوصی گفتگو کی گئی۔ عاصم افتخار نے اس موقع پر کہا کہ رکن ممالک اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنی صدارت کو کھلے، شفاف اور مشاورتی انداز میں انجام دے گا تاکہ عالمی سطح پر اجتماعی فیصلوں کی حمایت کی جا سکے۔

عاصم افتخار نے بین الاقوامی سطح پر درپیش چیلنجز کے حل کے لیے کثیرالجہتی (Multilateralism) تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے عالمی امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

سفارتی ماہرین کا ماننا ہے کہ پاکستان کی اقوام متحدہ میں آئندہ صدارت نہ صرف عالمی سطح پر اس کی سفارتی سرگرمیوں کو اجاگر کرے گی بلکہ جنوبی ایشیائی ممالک کے مؤقف کو عالمی فورمز پر زیادہ مؤثر انداز میں پیش کرنے کا بھی موقع فراہم کرے گی۔

Comments are closed.