حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے حکومت کی تین سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے اور حکومتی مخالف جلسے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں (ن) لیگ سیکرٹریٹ میں لیگی رہنما احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔جس میں حکومت مخالف تحریک کے آئندہ مراحل اور ملک گیر جلسوں سے متلق تفصیلی مشاورت کی اور ملک گیر جلسوں کا شیڈول طے کیا گیا جب کہ میثاق پاکستان کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کمیٹی قائم کردی۔
اجلاس کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کے لیے 28 اگست کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی بعد ازاں 29 اگست کو کراچی میں پی ڈی ایم کے تحت جلسہ منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص کارکردگی کو تین سال پورے ہوگئے، پی ڈی ایم حکومتی تین سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرے گی جس کا مقصد حکومت کی نااہلی، کرپشن سے متعلق حقائق کو عوام کے سامنے لانا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ طالبان کو خوش آمدید کہنا مولانا فضل الرحمان کا ذاتی معاملہ یا ان کی جماعت کا فیصلہ ہے پی ڈی ایم کا نہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت طالبان سے متعلق پالیسی کے لیے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے، پی ڈی ایم کا یہ ایجنڈا ہے کہ ملک کو آئین اور قانون کے تحت چلایا جائے، تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کی یک طرفہ الیکشن اصلاحات کو مسترد کرتے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا مقصد ووٹ کی چوری کو سہارا دینا ہے۔پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا پر پابندی عائد کر رہی ہے، ہم میڈیا کی آزادی سلب کرنے کی حکومتی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔
Comments are closed.