آرمی چیف قابل احترام ہیں لیکن بیوقوف دوستوں سے تو بچیں۔ مولانا فضل الرحمان

مانیٹرنگ ڈیسک

سربراہ جمیعت علماء السلام ف مولانا فضل الرحمٰن نے جلسے سے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ڈی ایم کا مقصد درحقیقت آزاد جمہوری فضاؤں کو بحال کرنا ہے، دو سال سے میدان میں ہیں، ہمیں مجبور کیا جا رہا ہے کہ ہم دھاندلی کے نتیجے میں قائم کی گئی حکومت کو تسلیم کرلیں لیکن تمام مراحل گزر گئے، ہمیں لالچ اور ترغیب بھی دی گئی لیکن ہم نہیں ڈرے، ہم اپنے موقف پر قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اعلان کرتے ہیں کٹھ پتلی حکومت کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مخاطب کرکے کہا کہ ‘آپ ہمارے لیے قابل احترام ہیں لیکن بیوقوف دوستوں سے تو بچنے کی کوشش کریں۔ان کا کہنا تھا کہ اور اگر آپ کے دل میں کوئی شکایت ہے تو اس کی شکایت ہم سے نہیں، اپنے احمق دوستوں سے کیجئے۔

کراچی جلسے میں انھوں نے کہا کہ ریاستوں کی بقا کا تعلق معاشی اور اقتصادی قوت سے ہے، جب مسلم لیگ ن اپنا آخری بجٹ پیش کررہی تھی اس نے آنے والے سال کے لیے معاشی ترقی کا تخمیہ ساڑھے پانچ فیصد لگایا تھا اور اس سے اگلے سال انہوں نے سالانہ معاشی ترقی کا تخمیہ ساڑھے 6 فیصد لگایا تھا۔انہوں نے کہا کہ ‘حکومت ان نااہل لوگوں کو ملی جو عوام کے نمائندے نہیں تھے، چوری کے ووٹ سے اسمبلی میں آئے تھے،

مولانا نے کہا کہ جب قوتوں نے ہم سے کہا کہ یہ حکومت تسلیم کرلیں لیکن ہم نے انکار کردیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘لیکن آپ سے یہ بات منوائیں گے کہ غلطی ہوئی ہے اور ہم معافی مانگتے ہیں اور آئندہ یہ غلطی نہیں دہرائیں گےانہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، ہم سب کی عزت نفس ہے اور اسی عزت نفس کے ساتھ جینا چاہتے ہیں

Comments are closed.