کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنا ایک دینی فریضہ ہے اور جماعت اسلامی عوامی طاقت کے ذریعے ملک میں حقیقی انقلاب لائے گی۔ انہوں نے موجودہ سیاسی نظام کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں حکومتیں چہرے اور پارٹیاں بدل کر آتی ہیں، لیکن نظام میں کوئی حقیقی تبدیلی نہیں آتی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موجودہ سیاسی پارٹیاں شخصی اور خاندانی اجارہ داریوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا سیاسی کردار محض ایک خاندانی نام کی بنیاد پر قائم ہے۔ “جب ان کا حساب کتاب ٹھیک نہیں بیٹھ رہا تھا تو ان کے نام کے آگے بھٹو لگا دیا گیا،” انہوں نے کہا۔
نواز لیگ پر تنقید کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ جماعت بھی خاندانی سیاست کی نمائندہ ہے۔ “نواز شریف کے بھائی وزیر اعظم ہیں اور بیٹی وزیراعلیٰ کے طور پر سامنے آ رہی ہیں، لیکن پھر بھی یہ لوگ افسردہ اور غیر مطمئن نظر آتے ہیں،” انہوں نے کہا۔
حافظ نعیم الرحمان نے جماعت اسلامی کو ایک اصولی اور عوامی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واحد پارٹی ہے جو خاندانی سیاست اور اجارہ داری کے خلاف حقیقی جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو ان کے حقوق دلانے کے لیے ہر محاذ پر لڑے گی اور عوامی طاقت کے ذریعے ملک میں تبدیلی لائے گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ ملک کو ان خاندانی اور شخصی اجارہ داریوں سے نجات دلائی جا سکے اور ایک حقیقی فلاحی ریاست کا قیام ممکن ہو۔
Comments are closed.