حرمین شریفین میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لگائی گئی پابندیوں میں نرمی کے بعد پہلی مرتبہ سماجی فاصلے کے بغیر اور مکمل گنجائش کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی گئی۔نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے عمرہ زائرین کے علاوہ سعودی عرب میں مقیم افراد کی بڑی تعداد نے حرم کا رخ کیا، بڑی تعداد میں نمازیوں کی آمد کے پیشِ نظر حرم کے توسیعی حصے میں بھی نماز کی ادائیگی کا انتظام کیا گیا۔
حرمین انفو کے مطابق مسجد الحرام صفائی اور جراثیم کشی کے لیے 4 ہزار مرد و خواتین خدام تعینات کیے گئے جو جمعہ کے روز 10 مرتبہ صفائی ستھرائی کا عمل انجام دیں گے۔خیال رہے کہ تقریباً ڈیڑھ سال بعد 17 اکتوبر کو سعودی حکام نے کورونا پابندیاں نرم کرتے ہوئے مسجد الحرام میں سماجی فاصلے کی نشاندہی کرنے والے اسٹیکرز اور خانہ کعبہ کے اطراف میں لگائی گئی پابندیاں ہٹا دی تھیں۔
اس کے ساتھ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے افراد کے لیے مسجدالحرام اور مسجد نبوی کو بغیر کسی پابندی کے مکمل گنجائش کے ساتھ کھول دیا گیا تھا۔
Comments are closed.