وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے چیئرمین یورپی یونین۔ پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن پرویز اقبال لوسر نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں بیرون ممالک بالخصوص یورپ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی، بیرونی ممالک میں ملکی مفادات کے امین ہیں۔ یورپی ممالک میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد مقیم ہے – میری خصوصی ہدایات پر، دنیا بھر میں ہمارے سفارت خانے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے کوشاں ہیں۔
چوہدری پرویز اقبال لوسر نے وزیرخارجہ کو پاک- ای یو فرینڈشپ فیڈریشن کی کارکردگی کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی، انہوں نے کرونا عالمی وبائی چیلنج کے دوران محدود وسائل کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں کی معاونت کیلئے وزارتِ خارجہ اور پاکستانی سفارت خانوں کی کاوشوں کی تعریف کی اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خصوصی شکریہ ادا کیا
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور یورپی ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ، یورپ میں پاکستان، پاکستانیوں کے حقوق کیلئے موثر آواز بلند کرنے اور تارکین کی فلاح و بہبود کیلئے پرویز اقبال لوسر کی خدمات کو سراہا۔
Comments are closed.