افغانستان سے امریکی فرارکی طرح بھارت جلدکشمیرسے بھاگ نکلےگا،پرویزاقبال لوسر

چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن چوہدری پرویزاقبال لوسرکا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں کھیل کے میدان آباد، لوگ آزاد ہیں، مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی فوج نے کشمیری عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے، لیکن امریکیوں کی طرح مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجی جلد بھاگ نکلیں گے۔

مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں کشمیر پریمئر لیگ کے فائنل میچ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز اقبال لوسر نے کہا کہ عالمی برادری فرق دیکھ لے آزاد کشمیر میں کھیل کے میدان آباد، معاشرہ، حکومت آزاد ہیں، آج یہاں آزاد کشمیر میں ایک بڑے بین الاقوامی معیار کے ایونٹ کا انعقاد ہوا اور آج کا فائنل کھیلا جا رہا ہے،لوگوں کا جذبہ دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ یورپ یا امریکہ میں میچ دیکھ رہا ہوں۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن نے کہا کہ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی 9 لاکھ فوج نے 1 کروڑ 35 لاکھ انسانوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے، اور مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی انسانی جیل میں تبدیل کررکھا ہے، بھارتی یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا اور مقبوضہ جموں کشمیر میں مودی درختوں سے خطاب کرتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی، اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور یورپین یونین اپنی آنکھیں کھولیں اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والا ظلم، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر خاموشی توڑ کر جنگی جرائم کرنے والی مودی سرکار کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

چوہدری پرویزاقبال لوسر نے کہا کہ جس طرح دنیا کی سب سے طاقتور فوجیں افغانستان میں شکست  کھا کر بھاگی ہیں اسی طرح ہندوستان کی فوج بھی مقبوضہ کشمیر سے بھاگ نکلے گی، کشمیری عوام کو آزادی ضرور ملے گی، وہاں بھی  آزاد کشمیر کی طرح کھیل کے میدان آباد ہوں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ ہے اور رہے گی۔

 پرویز اقبال لوسر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں حال ہی میں جمہوری انداز سے الیکشن کے بعد نئی حکومت قائم ہوئی ہے، اتنے شاندار اور میگا ایونٹ کے انعقاد پر آزاد کشمیر حکومت اور لیگ کے منتظمین مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ میں کھیلنے والے تمام کھلاڑیوں بالخصوص بین الاقوامی کھلاڑیوں کے شکرگزار ہیں جو ہندوستان کے شدید دباو کے باوجود یہاں کرکٹ کھیلنے کے لیے آئے۔

Comments are closed.