مہنگائی ہو گی تو ملک چلے گا ورنہ رک جائے گا، پرویز خٹک کی نرالی منطق

حکمران جماعت کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے مہنگائی کی نرالی منطق پیش کردی کہتے ہیں، مہنگائی ہوگی تو ملک چلے گا اور مہنگائی نہیں بڑھے گی تو ملک رک جائے گا۔

قومی اسمبلی میں بجٹ بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ خالی سرکاری نوکریوں سے روز گار نہیں ملتا، سب سرکاری نوکری کرنا چاہتے ہیں کوئی محنت نہیں کرنا چاہتا، ملک میں لوگوں کے پاس گاڑیاں ہیں اچھا رہن سہن ہے، بتائیں کہاں غربت ہے؟ ہمارے صوبے میں کوئی کچا گھر دکھا دیں، مہنگائی پوری دنیا میں ہو رہی ہے، غربت اور غریب غریب اپوزیشن کا ڈرامہ ہے۔

وزیردفاع کے غربت سے متعلق جملوں پر حکومتی اراکین بھی قہقہے مارتے رہے۔ ایک حکومتی رکن نے لقمہ دیا کرک میں غربت ہے۔ پرویز خٹک ان سے بولے وہاں ہو گی ملک میں کوئی غربت نہیں، عمران خان کے صحیح فیصلوں سے ملک کی معیشت بہتر ہوگئی، میں چیلنج کرتا ہوں میرے صوبے میں ایک غریب سامنے لاکر دکھائیں۔

بڑھتی مہنگائی پر پرویز خٹک نے عجب منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی ہوگی تو ملک چلے گا، کارخانے چلیں گے اور زراعت ہوگی، مہنگائی نہیں بڑھے گی تو ملک رک جائے گا۔
انہوں نے مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی 20 سالہ حکومت سے میری پانچ سال کی کارکردگی بہتر ہے، نواز شریف کی کارکردگی بہتر ہوتی تو عوام انہیں مسترد کرتی، شہباز شریف اپنے کاموں کی فہرست لے آئیں ہم سے موازنہ کر لیں۔

Comments are closed.